روزے کے آسان مسائل روزے کو توڑنے والی چیزیں کون سی ہیں؟
🌹 روزے کے آسان مسائل
عنوان:مفسدات روزہ
سوال1: روزے کو توڑنے والی چیزیں کون سی ہیں؟
جواب:روزہ توڑنے والی چیزوں
میں سے کچھ درج ذیل ہیں:
( 1 )کھانے،پینے یا ہمبستری
کرنے سے روزہ جاتا رہتا ہےجبکہ روزہ دار ہونا یاد ہو۔
( بہار شریعت،حصہ5،ص985
)
( 2 )حقہ،سگار،سگریٹ وغیرہ پینے
سے بھی روزہ جاتا رہتا ہے۔اگرچہ اپنے خیال میں حلق تک دھواں نہ پہنچتا ہو۔
( بہار شریعت،حصہ5،ص986
)
( 3 )پان یا صرف تمباکو کھانے
سے بھی روزہ جاتا رہے گااگرچہ آپ بار بار اس کی پیک تھوکتے رہیں۔کیونکہ حلق میں اس
کے باریک اجزاء ضرور پہنچتے ہیں۔
( بہار شریعت،حصہ5،ص986
)
( 4 )شکر وغیرہ ایسی چیزیں جو
منہ میں رکھنے سے گھل جاتی ہیں منہ میں رکھی اور تھوک نگل گئے روزہ جاتا رہا۔
( بہار شریعت،حصہ5،ص986
)
( 5 ) دانتوں کے درمیان کوئی
چیز چنے کے برابر یا زیادہ تھی اسے کھا گئے یا کم ہی تھی مگر منہ سے نکال کر پھر
کھالی تو روزہ ٹوٹ گیا۔
( در مختار،کتاب
الصوم،ج3،ص422 )
( 6 ) دانتوں سے خون نکل کر
حلق سے نیچے اترا اور خون تھوک سے زیادہ یا برابر یا کم تھا مگر اس کا مزہ حلق میں
محسوس ہوا تو روزہ جاتا رہا اور اگر کم تھا اور مزہ بھی حلق میں محسوس نہ ہوا
توروزہ نہ گیا۔
( در مختار،کتاب
الصوم،ج3،ص422 )
( 7 )روزہ یاد رہنے کے باوجود
حقنہ لیا۔یا ناک کے نتھنوں سے دوائی چڑائی روزہ جاتا رہا۔
( الفتاویٰ الھندیة،کتاب
الصوم،ج1،ص204 )
( 8 )کلی کررہے تھے بلاقصد
پانی حلق سے اتر گیا یا ناک میں پانی چڑھایا اور دماغ کو چڑھ گیا روزہ جاتا رہا
مگر جبکہ روزہ دار ہونا بھول گیا ہو تو نہ ٹوٹے گا اگرچہ قصداً ہو۔یوں ہی روزہ دار
کی طرف کسی نے کوئی چیز پھینکی وہ اس کے حلق میں چلی گئی تو روزہ جاتا رہا۔
( الفتاویٰ الھندیة،کتاب
الصوم،ج1،ص202 )
( 9 )سوتے میں ( یعنی نیند کی
حالت میں )پانی پی لیا یا کچھ کھالیا،یا منہ کھلا تھا،پانی کا قطرہ یا بارش کا
اولا حلق میں چلا گیا تو روزہ جاتا رہا۔
( الفتاویٰ الھندیة،کتاب
الصوم،ج1،ص202 )
( 10 ) دوسرے کا تھوک نگل لیا
یا اپنا ہی تھوک ہاتھ میں لے کر نگل لیا تو روزہ جاتا رہا۔
( الفتاویٰ الھندیة،کتاب
الصوم،ج1،ص203 )
نوٹ:جب تک تھوک یا بلغم منہ
کے اندر موجود ہو اسے نگل جانے سے روزہ نہیں جاتا،باربار تھوکتے رہنا ضروری نہیں۔
( 11 )آنسو منہ میں چلا گیا
اور آپ اسے نگل گئے۔اگر قطرہ دو قطرہ ہے تو روزہ نہ گیا اور زیادہ تھا کہ اس کی
نمکینی پورے منہ میں محسوس ہوئی تو جاتا رہا،پسینہ کا بھی یہی حکم ہے۔
( 12 )فضلے کا مقام باہر نکل
آیا تو حکم یہ ہے کہ خوب اچھی طرح کسی کپڑے وغیرہ سے پونچھ کر اٹھیں تاکہ تری باقی
نہ رہے۔اگر کچھ پانی اس پر باقی تھا اور کھڑے ہو گئے جس کی وجہ سے پانی اندر چلا گیا
تو روزہ فاسد ہو گیا۔اسی وجہ سے فقہائے کرام رحمھم اللّٰہ فرماتے ہیں کہ روزہ دار
استنجاء کرنے میں سانس نہ لے۔
( الفتاویٰ الھندية،کتاب
الصوم،ج1،ص204)
( ماخوذ از فیضان فرض علوم
)